تہران کے صوبے میں مبینہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 10 بچوں کی شہادت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ بہارستان کاؤنٹی کے ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا، جہاں حملے کے دوران معصوم جانیں ضائع ہوئیں۔
دوسری جانب اسرائیل میں ایرانی میزائل حملوں کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے مزید میزائل داغے گئے، جس کے باعث وسطی علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ادھر شمالی اسرائیلی شہر حیفہ بھی حالیہ حملوں کی زد میں آیا، جہاں 10 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق مختلف عمارتوں اور سڑکوں کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ ایک گاڑی میں آگ لگنے کی اطلاع بھی ملی ہے۔
رپورٹس کے مطابق حیفہ میں ہونے والے حملوں میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور حالات بدستور تشویشناک ہیں۔
