مارکو روبیو نے کہا ہے کہ بورڈ آف پیس میں شمولیت اور غزہ امن منصوبے میں تعاون پر پاکستان کی حمایت قابلِ تحسین ہے۔
امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے شہباز شریف اور اسحاق ڈار سے واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
مارکو روبیو کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات، کریٹیکل منرلز، ترقیاتی تعاون اور انسداد دہشتگردی سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔
امریکی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ امریکی صدر کی جانب سے پیش کیے گئے غزہ امن منصوبے میں پاکستان کی معاونت کو سراہتے ہیں اور بورڈ آف پیس میں شمولیت کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہیں۔