بنگلا دیش کے عبوری سربراہ نے استعفیٰ دے دیا۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہو رہی ہے اور نئی منتخب قیادت کے لیے راستہ ہموار کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ عام انتخابات میں عوام اور سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لے کر جمہوری عمل کو مضبوط کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے ملک میں جمہوریت، آزادیٔ اظہار اور بنیادی حقوق کا تسلسل برقرار رہے گا۔
محمد یونس نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی جماعت Bangladesh Nationalist Party کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پارٹی کے سربراہ طارق الرحمان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز اور سیاسی قیادت نے ایک مثبت مثال قائم کی ہے جو مستقبل میں جمہوری نظام کو مزید مستحکم کرے گی۔
واضح رہے کہ عبوری حکومت تقریباً اٹھارہ ماہ تک برسرِ اقتدار رہی۔ اس دوران محمد یونس نے 2024 میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد عبوری دور کی قیادت کی تھی۔
حالیہ انتخابات میں بی این پی نے دو تہائی اکثریت حاصل کی، جس کے بعد نئی حکومت کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔