حوثیوں کاسعودی عرب میں آرامکو تنصیبات کو نشانہ بنانےکادعویٰ

حوثیوں کاسعودی عرب میں آرامکو تنصیبات کو نشانہ بنانےکادعویٰ- آرامکو کی تیل تنصیبات اور خمیس مشیط ایئر بیس کو ہدف بنایا گیا۔

حوثیوں کاسعودی عرب میں آرامکو تنصیبات کو نشانہ بنانےکادعویٰ-یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات اور ایک فوجی اڈے کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

سعودی حکام یا سعودی عرب کی سرکاری آئل کمپنی آرامکو کی جانب سے تاحال اس دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

حوثیوں کے فوجی ترجمان کے مطابق دو الگ کارروائیوں میں سعودی عرب کے شہر ینبع میں آرامکو کی تیل تنصیبات اور خمیس مشیط ایئر بیس کو ہدف بنایا گیا۔

حوثیوں کا کہنا ہے کہ ینبع میں واقع آرامکو کی تنصیبات پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا گیا، جبکہ خمیس مشیط ایئر بیس کو بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

حوثی گروپ نے دعویٰ کیا کہ دونوں کارروائیوں میں اہداف کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا اور بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

حوثیوں نے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے اندر مزید اہداف کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ گروپ کا مؤقف ہے کہ یہ حملے یمن میں اس کے زیرِ کنٹرول علاقوں کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں اور محاصرے کے ردعمل میں کیے جا رہے ہیں۔

یمن میں جاری تنازع کے دوران سعودی عرب نے یمنی حکومت کی حمایت میں فوجی اتحاد کی قیادت کی ہے، جبکہ حوثی گروپ ملک کے ایک بڑے حصے پر کنٹرول رکھتا ہے۔ حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے درمیان تنازع کے باعث خطے میں طویل عرصے سے کشیدگی برقرار ہے۔