غزہ میں ترک فوج کی موجودگی قابل قبول نہیں،اسرائیل
تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ غزہ کی زمین پر کسی ترک فوجی کا پاؤں نہیں لگے گا
اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیل نے امریکا کو بھی یہ پیغام دے دیا ہے کہ غزہ میں تعینات فوجی دستوں میں ترکی کی فوج کو شامل نہیں کیا جا سکتا۔
ترجمان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اس سلسلے میں اسرائیل کا موقف واضح اور غیر متزلزل ہے۔ اس سے قبل بھی اسرائیل نے امریکی منصوبے کے تحت غزہ میں ترک فوج کی موجودگی کو قبول نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ ماہ ہنگری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈیون سار نے کہا تھا کہ جو ممالک غزہ میں اپنی فوج بھیجنے کے لیے تیار ہیں، انہیں کم از کم اسرائیل کے ساتھ منصفانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے ترکی کی قیادت کو اسرائیل کے لیے دشمنی کا رویہ رکھنے والا قرار دیا اور کہا کہ اس وجہ سے ترک مسلح افواج کو غزہ کی پٹی میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔