آزاد کشمیر کو جدید،ڈیجیٹل اور عوام دوست بنانے کا عزم

آزاد کشمیر کو جدید،ڈیجیٹل اور عوام دوست بنانے کا عزم-ہر نوجوان کو موقع اور ہر شہری کو عزت اور سہولت میسر ہو۔

آزاد کشمیر کو جدید،ڈیجیٹل اور عوام دوست بنانے کا عزم-وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نےکہا ہے کہ ایسا آزادکشمیر بنانا ہے جہاں ہر بچے کو تعلیم، ہر مریض کو علاج، ہر نوجوان کو موقع اور ہر شہری کو عزت اور سہولت میسر ہو۔ حکومت کا سو روزہ اصلاحاتی پروگرام صرف آغاز ہے،

آزادکشمیر کو جدید، ڈیجیٹل، شفاف، تیز رفتار اور عوام دوست گورننس کی جانب لیکر جانا ہے۔ ان شاء اللہ ترقی کا سفر ہر گھر کی دہلیز تک پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں وکشمیر ہاوس میں اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ اللہ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزادکشمیر کو ترقی، خوشحالی اور جدید گورننس کی جانب لیکر جارہی ہے ۔ ہمارا سب سے زیادہ فوکس تعلیم اور صحت پر ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ صاف ستھرا ماحول، بہتر انفراسٹرکچر اور جدید شہری سہولیات ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ ہونہار بچوں کے لیے سکالرشپس، ماڈل تعلیمی ادارے، جدید ریسکیو سروسز اور آئی ٹی کے ذریعے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے

۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن سروس شروع کریں گے جس کے ذریعے شہری دنیا کے کسی بھی حصے سے بیٹھ کر سروسز کیلئے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔افتخار گیلانی نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، اس لیے ہمیں بھی اپنے نظام، اداروں اور ترقیاتی ترجیحات کو وقت کے تقاضوں کے مطابق تبدیل کرنا ہوگا۔

علاوہ ازیں چیئرمین ایم ٹی بی سی محمود الحق نے آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ چیئرمین ایم ٹی بی سی محمود الحق نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر میں ترقی، خوشحالی، روزگار کے مواقع اور عوامی فلاح کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آئی ٹی، صحت، تعلیم اور سیاحت سمیت اہم شعبوں میں باہمی تعاون اور اشتراکِ عمل کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر میں آئی ٹی اور دیگر شعبوں کے فروغ کے لیے ایم ٹی بی سی کی خدمات کو سراہتے ہوئے چیئرمین محمود الحق کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایم ٹی بی سی نے آزاد کشمیر میں نوجوانوں کے لیے روزگار اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں قابلِ قدر خدمات سرانجام دی ہیں، جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے یقین دلایا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں حکومت کی جانب سے ایم ٹی بی سی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور باہمی اشتراک کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

چیئرمین ایم ٹی بی سی محمود الحق نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ایم ٹی بی سی اپنا کردار جاری رکھے گا۔

انہوں نے وزیراعظم کو مختلف شعبوں میں ادارے کی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں وزیر صحت حکومت آزاد کشمیر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر اور پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید بھی موجود تھے۔ ملاقات کو آزاد کشمیر میں سرکاری و نجی شعبے کے درمیان تعاون اور ترقیاتی عمل کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes