جلالپور پیروالا میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی
ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں سیلاب متاثرین کو لے جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی۔ کشتی میں 19 افراد سوار تھے جن میں سے 18 کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ ایک شخص تاحال لاپتہ ہے۔
سی پی او ملتان کے مطابق کشتی کو ریسکیو ٹیم موضع دراب پور سے متاثرین کو نکالنے کے لیے استعمال کر رہی تھی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کشتی میں پہلے ہی 10 سے زائد افراد سوار تھے کہ مزید ایک شخص کے چڑھنے کی کوشش کے دوران کشتی میں پانی بھر گیا اور توازن بگڑنے سے کشتی الٹ گئی۔
اس سے قبل بدھ کی شام مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں بھی سیلاب متاثرین کی کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا تھا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ دریائے چناب کا سیلابی پانی جلالپور پیروالا اور گرد و نواح میں تباہی مچاتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔