مواد پر جائیں
تازہ ترین
اہم خبریں

سیالکوٹ بھگدڑ کیس،مسٹر پتلو نے ویڈیو بیان میں اپنا مؤقف پیش کردیا

تحریر: muhammadaamiraa49@gmail.com پڑھنے کا وقت: 3 منٹ 3
سیالکوٹ بھگدڑ کیس،مسٹر پتلو نے ویڈیو بیان میں اپنا مؤقف پیش کردیا
سیالکوٹ بھگدڑ کیس،مسٹر پتلو نے ویڈیو بیان میں اپنا مؤقف پیش کردیا

سیالکوٹ بھگدڑ کیس،مسٹر پتلو نے ویڈیو بیان میں اپنا مؤقف پیش کردیا-سیالکوٹ میں شادی کی تقریب کے دوران بھگدڑ سے ہونے والی ہلاکتوں کے معاملے پر ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو کا پہلا ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے، جس میں انہوں نے خود کو بے قصور قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے واقعے کی شفاف تحقیقات کرانے کی اپیل کی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں مسٹر پتلو نے کہا کہ حادثے کے وقت وہ تقریب میں موجود نہیں تھے بلکہ کمر کی تکلیف کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کے مطابق کرکٹ کھیلتے ہوئے ان کی کمر کی ڈسک متاثر ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بھگدڑ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس سانحے پر شدید افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کی شادی کی خوشیاں کسی کے لیے دکھ کا سبب بنیں۔

مسٹر پتلو کے مطابق انہوں نے عوام کی مدد کے لیے تقریب کا اہتمام کیا تھا، جس میں مستحق خاندانوں کو راشن، تحائف اور مالی امداد دینے کا منصوبہ تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ تقریب کے انعقاد کے لیے انہوں نے این او سی بھی حاصل کیا تھا اور لوگوں کو پہلے ہی ہدایت کی تھی کہ وہ نظم و ضبط برقرار رکھیں اور ایک دوسرے کو دھکے نہ دیں۔

ویڈیو بیان میں انہوں نے وضاحت کی کہ تقریب سے ایک روز قبل گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلتے ہوئے ان کی کمر کی ڈسک متاثر ہوئی، جس کے بعد انہیں ہسپتال جانا پڑا۔ ان کے بقول اگلی صبح انہیں بھگدڑ کے واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے پروگرام منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ایف آئی آر میں اپنا نام شامل ہونے پر مسٹر پتلو نے سوال اٹھایا کہ جب وہ مبینہ طور پر ہسپتال میں موجود تھے تو انہیں جائے وقوعہ پر کیسے موجود ظاہر کیا گیا۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ ہسپتال کا ریکارڈ، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی اپیل کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور شواہد کی روشنی میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ طبیعت بہتر ہونے کے بعد وہ خود متعلقہ حکام کے سامنے پیش ہو جائیں گے۔

مسٹر پتلو نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ واقعے کے بعد ان کے گھر اور فارم ہاؤس پر لوگوں کی آمد کے باعث صورت حال خراب ہوئی، تاہم انہوں نے موقع پر پہنچ کر حالات سنبھالنے پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

ویڈیو پیغام کے دوران وہ شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا اظہار کرتے بھی دکھائی دیے۔ انہوں نے اپنی زندگی ختم کرنے کے خیالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو تنہا محسوس کر رہے ہیں اور ان کی طبیعت بھی خراب ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد ان کی خیریت اور فوری مدد کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں شادی سے متعلق تقریب کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر رکھی ہیں۔ مسٹر پتلو نے اپنے ویڈیو بیان میں الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔

 

شیئر کریں:واٹس ایپایکسٹیلیگرام

اپنی رائے لکھیں