ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے،محسن نقوی
ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے،محسن نقوی
ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے،محسن نقوی-وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے نظام میں تبدیلی اور بہتری کی ضرورت ہے، ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے اور اس عمل کے لیے سب کو تعاون کرنا ہوگا۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کا اہم راستہ برآمدات میں اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے کو جہاں بھی ضرورت ہو، ان کے مسائل کے حل کے لیے وہ دستیاب ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے دورہ ایران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے سلسلے میں انہیں ایران کے کئی دورے کرنا پڑے۔ ان کے بقول ایران کے بارے میں یہ تاثر پایا جاتا تھا کہ پابندیوں کے باعث ملک شدید مشکلات کا شکار ہوگا، تاہم وہاں جاکر صورت حال مختلف نظر آئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایران میں تعمیرات اور گاڑیوں سمیت مختلف شعبوں میں مقامی صنعت موجود ہے اور متعدد مصنوعات ملک کے اندر تیار کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنے والے ممالک کے تجربات سے سیکھنا چاہیے۔ ان کے مطابق اگر ایران اپنی ضروریات کے لیے مختلف اشیا خود تیار کرسکتا ہے تو پاکستان بھی مقامی پیداوار کو فروغ دے سکتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کو برآمدات بڑھانے اور ”میڈ اِن پاکستان“ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر ملکی صنعت اور معیشت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ حکومت گزشتہ چند ماہ سے کاروباری افراد کے لیے بزنس پاسپورٹ کے معاملے پر کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق کاروباری افراد کو ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے، جس کے پیش نظر سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو کاروباری افراد کے لیے سہولتیں پیدا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا بزنس پاسپورٹ متعارف کرانے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے کاروباری افراد کے لیے بیرون ملک سفر اور ویزا سے متعلق مشکلات کم ہوسکیں۔
