سہیل آفریدی کا استعفیٰ آیا تو فوری منظور کرلوں گا،گورنر خیبرپختونخوا
سہیل آفریدی کا استعفیٰ آیا تو فوری منظور کرلوں گا،گورنر خیبرپختونخوا
سہیل آفریدی کا استعفیٰ آیا تو فوری منظور کرلوں گا،گورنر خیبرپختونخوا-گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی عہدہ چھوڑ رہے ہیں یا ان کی جگہ کوئی اور آرہا ہے، اس بارے میں پی ٹی آئی کے ترجمان ہی بہتر طور پر بتا سکتے ہیں، تاہم اگر ان کا استعفیٰ موصول ہوا تو اسے منظور کرنے میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران خیبرپختونخوا میں کئی مرتبہ گورنر راج کے نفاذ کی بات سامنے آچکی ہے، جبکہ اسلام آباد مارچ کی تاریخ میں ایک بار پھر تبدیلی متوقع ہے۔ ان کے مطابق یہ معاملہ بار بار تاریخ تبدیل ہونے تک محدود دکھائی دیتا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں روزانہ جانی نقصان ہو رہا ہے، ایسے حالات میں اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض رہنما خود کو منظر سے دور رکھنے کے بعد گرفتاری دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق صوبے میں امن کے قیام کے لیے تمام سیاسی اور متعلقہ فریقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
گورنر نے افغانستان پر الزام عائد کیا کہ وہاں سے دہشت گردوں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنا ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ انہوں نے صوبے کے مفاد میں وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں پشاور آنے کی دعوت بھی دی۔ ان کے مطابق وزیراعظم سے امن و امان کی صورتحال پر کابینہ کا اجلاس اور ایپکس کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
