ہنگو میں سکیورٹی آپریشن،7 شدت پسند ہلاک،کیپٹن حمزہ اکرم شہید
ہنگو میں سکیورٹی آپریشن،7 شدت پسند ہلاک،کیپٹن حمزہ اکرم شہید-خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائی کے دوران 7 شدت پسند ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک کیپٹن نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 7 اگست 2026 کو ہنگو میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن شروع کیا۔
فوج کے مطابق کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد شدت پسندوں نے ایک مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 7 شدت پسند مارے گئے۔
کارروائی کے دوران 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم بھی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر شدت پسندوں کے خاتمے اور کلیئرنس کے لیے کارروائی جاری ہے، جبکہ ہلاک شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
