ایران کا مؤقف برقرار،آبنائے ہرمز امریکا کی شرائط پر نہیں کھلے گی
ایران کا مؤقف برقرار،آبنائے ہرمز امریکا کی شرائط پر نہیں کھلے گی-ایران کے سپریم لیڈر کے سینئر مشیر میجر جنرل محسن رضاعی نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم ہے اور اسے امریکا کی شرائط کے مطابق دوبارہ کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایک انٹرویو میں محسن رضاعی نے کہا کہ اگر خطے میں جنگی جہاز یا فوجی دستے بھیجے گئے تو ایران ان کے خلاف کارروائی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں کسی متبادل راستے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے جاری انتباہ کے بعد متعدد بحری جہاز اپنے راستے تبدیل کر رہے ہیں، جبکہ بعض ایسے جہاز جو امریکا کی ہدایات پر آگے بڑھے، انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بعد ازاں واپس لوٹ گئے۔
محسن رضاعی نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران نے یوکرین میں تین اہداف پر کارروائی کی تیاری کر رکھی تھی، تاہم یوکرین کی جانب سے ایرانی جہاز پر حملے کو غلطی قرار دینے کے بعد کارروائی کا فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران یوکرین کی وضاحت کا جائزہ لے رہا ہے، تاہم اس واقعے کے نتائج سے متعلق اپنا مؤقف برقرار رکھے ہوئے ہے اور اس معاملے میں مزید پیش رفت کا انحصار آئندہ صورتحال پر ہوگا۔
