چہلم کے مرکزی جلوس کے باعث راولپنڈی میں خصوصی ٹریفک پلان جاری
چہلم کے مرکزی جلوس کے باعث راولپنڈی میں خصوصی ٹریفک پلان جاری-راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کے موقع پر 4 اگست 2026 کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی روانی اور متبادل راستوں سے متعلق بروقت آگاہی فراہم کی جا سکے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق مرکزی جلوس صبح 7 بجے امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہوگا اور نمازِ عشاء کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔
جاری کردہ ٹریفک پلان کے مطابق جلوس کے روٹ پر واقع متعدد سڑکیں جلوس کے دوران ٹریفک کے لیے بند رہیں گی، جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف متبادل راستے بھی مختص کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفر سے قبل ٹریفک پلان کا جائزہ لیں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے اہلکار مختلف مقامات پر تعینات رہیں گے، جبکہ شہری رہنمائی کے لیے سٹی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
