سوات:کبل پولیس اسٹیشن کے باہر خودکش حملہ،14 افراد جاں بحق
سوات:کبل پولیس اسٹیشن کے باہر خودکش حملہ،14 افراد جاں بحق-خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق سیدو شریف سینٹرل اسپتال میں 9 جبکہ کبل اسپتال میں مزید 5 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی، جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 14 ہوگئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کو خودکش حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو تھانے کے اندر داخل ہونے سے روک دیا، جس کے نتیجے میں مزید بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ انہوں نے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے، جبکہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت پولیس اسٹیشن کے قریب شہریوں کا ایک پرامن اجتماع بھی موجود تھا، جس کے باعث عام شہری بھی دھماکے کی زد میں آئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
