نوک جھوک ہونی چاہیے،مار کٹائی نہیں،نواز شریف کا بلاول بھٹو کو دلچسپ انداز میں جواب-پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم سیاست میں برداشت اور شائستگی برقرار رہنی چاہیے۔
اپنے خطاب میں نواز شریف نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ "بلاول برخوردار، میری بات کا برا نہ ماننا، نوک جھوک ہونی چاہیے، مار کٹائی نہیں۔ یہ کشمور نہیں، کشمیر ہے اور یہ میرپور ہے، میرپورخاص نہیں۔”
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام سے ان کا رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور وہ آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا نہیں بلکہ پہلا گھر سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرپور ایک خوبصورت شہر ہے، تاہم اس کی ترقی اس رفتار سے نہیں ہوئی جس کی توقع کی جا رہی تھی۔
سابق وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ ان کے دور حکومت کے بعد آزاد کشمیر میں کون سے بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں ہونے والے متعدد اہم منصوبوں پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مہر نمایاں ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں کینسر اور دل کے امراض کے علاج کے لیے جدید اسپتال قائم کیے جائیں گے، جبکہ جدید الیکٹرک بسوں اور 10 موبائل اسپتالوں کی فراہمی بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کو عوام نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو آزاد کشمیر میں موٹرویز اور ایکسپریس ویز کا جال بچھایا جائے گا، مری سے مظفرآباد تک ایکسپریس وے تعمیر کی جائے گی، میرپور کے ہر گھر تک گیس کی سہولت پہنچائی جائے گی اور میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کی تجویز بھی وفاقی حکومت کے سامنے رکھی جائے گی۔
نواز شریف نے اپنے خطاب کے اختتام پر عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کو عملی شکل دی جا سکے۔
