ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨277.91 🇪🇺 یورو ₨317.41 🇬🇧 پاؤنڈ ₨370.20 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.11 🇦🇪 درہم ₨75.67 🇨🇳 چینی یوان ₨41.03

پٹرول چار روپے چالیس پیسے،ڈیزل تین روپے باسٹھ پیسے مہنگا

👁️ 5 مرتبہ پڑھا گیا
پٹرول چار روپے چالیس پیسے،ڈیزل تین روپے باسٹھ پیسے مہنگا

پٹرول چار روپے چالیس پیسے،ڈیزل تین روپے باسٹھ پیسے مہنگا-وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرتے ہوئے مسلسل تیسرے روز پیٹرول اور چوتھے روز ڈیزل مہنگا کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

حکومت کے حالیہ فیصلے کے مطابق خطے میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ روزانہ کی بنیاد پر لیا جا رہا ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) حکومت یا وزیراعظم کی پیشگی منظوری کے بغیر قیمتوں کا اعلان کرے گی، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو گزشتہ جاری کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔

گزشتہ چند روز کے دوران بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل رد و بدل دیکھنے میں آیا۔ 21 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔

اس کے بعد 22 جولائی کو پیٹرول 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا، جبکہ 23 جولائی کو بھی پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔

مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عوامی اور تجارتی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔