ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨277.91 🇪🇺 یورو ₨317.41 🇬🇧 پاؤنڈ ₨370.20 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.11 🇦🇪 درہم ₨75.67 🇨🇳 چینی یوان ₨41.03

مستونگ میں سیشن جج کی گاڑی پر فائرنگ،جج اور گن مین جاں بحق

👁️ 3 مرتبہ پڑھا گیا
مستونگ میں سیشن جج کی گاڑی پر فائرنگ،جج اور گن مین جاں بحق

مستونگ میں سیشن جج کی گاڑی پر فائرنگ، جج اور گن مین جاں بحق-بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین جاں بحق جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ مستونگ کے علاقے ولی خان میں پیش آیا، جہاں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کوئٹہ سے مستونگ سیشن کورٹ جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سیکیورٹی گارڈ موقع پر جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ ریاستی اداروں پر حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور دہشت گردی میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی۔