دوحہ: قطر نے ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی میں شمولیت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
قطر کے انٹرنیشنل میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ قطر نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی میں حصہ لینے پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم ایسے تمام دعوے حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اس نوعیت کی اطلاعات ایسے عناصر کی جانب سے پھیلائی جا رہی ہیں جو قطر کو جاری علاقائی کشیدگی میں شامل دکھانا چاہتے ہیں، اس کے سفارتی کردار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور خطے میں تناؤ کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔
قطری حکام نے واضح کیا کہ موجودہ بحران کے آغاز سے ہی دوحہ کا مؤقف واضح اور مستقل رہا ہے۔ قطر نہ کسی ہمسایہ ملک کے خلاف فوجی کارروائی میں شریک ہے اور نہ ہی اس کا ایسا کوئی ارادہ ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا آفس نے کہا کہ قطر خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور گمراہ کن اطلاعات اس کی خارجہ پالیسی یا ثالثی کے کردار کو متاثر نہیں کر سکتیں۔
بیان کے مطابق قطر علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ کشیدگی میں کمی لانے اور مذاکرات کے ذریعے پائیدار اور جامع حل تلاش کیا جا سکے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق قطر گزشتہ کئی برسوں سے مختلف علاقائی تنازعات میں ثالثی کا کردار ادا کرتا رہا ہے، اسی لیے وہ موجودہ صورتحال میں بھی غیر جانب دار سفارتی پالیسی پر زور دے رہا ہے۔
