ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨277.91 🇪🇺 یورو ₨317.41 🇬🇧 پاؤنڈ ₨370.20 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.11 🇦🇪 درہم ₨75.67 🇨🇳 چینی یوان ₨41.03

ڈیزل 40 اور پیٹرول 10 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان

👁️ 3 مرتبہ پڑھا گیا
ڈیزل 40 اور پیٹرول 10 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان

 عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ پندرہ روزہ جائزے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 40 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔

اطلاعات کے مطابق حکومت قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں کمی کے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے، تاکہ صارفین پر اضافی مالی بوجھ کو کسی حد تک کم کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہوا ہے، جس کے اثرات مقامی ایندھن کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق متوقع طور پر 18 جولائی کی رات سرکاری اعلان کے بعد ہوگا۔

دوسری جانب نیشنل کمیٹی آن مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ ذخیرہ اندوزی کا سخت نوٹس لیا ہے۔ کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے یا غیر قانونی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔

اس سلسلے میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور متعلقہ اداروں کو مارکیٹ کی نگرانی مزید سخت کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

حتمی قیمتوں کا اعلان حکومت کی جانب سے عالمی منڈی کے رجحان، درآمدی لاگت اور ٹیکس و لیوی سے متعلق فیصلوں کی روشنی میں کیا جائے گا۔