ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨277.91 🇪🇺 یورو ₨317.41 🇬🇧 پاؤنڈ ₨370.20 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.11 🇦🇪 درہم ₨75.67 🇨🇳 چینی یوان ₨41.03

کویت اور بحرین میں مبینہ ایرانی ڈرون حملوں کے بعد ہائی الرٹ

👁️ 4 مرتبہ پڑھا گیا
کویت اور بحرین میں مبینہ ایرانی ڈرون حملوں کے بعد ہائی الرٹ

 خلیجی ممالک کویت اور بحرین میں مبینہ ایرانی ڈرون حملوں کے بعد سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ کویت کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ڈرون حملوں اور انہیں روکنے کی کارروائیوں کے نتیجے میں مختلف مقامات پر مادی نقصان ہوا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

وزارت دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے جمعرات کی صبح سے اب تک 32 "دشمن ڈرونز” کو نشانہ بنا کر تباہ کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈرونوں کا ملبہ رہائشی علاقوں میں گرنے سے بعض املاک کو نقصان پہنچا، جبکہ متعدد اہم تنصیبات بھی حملوں کی زد میں آئیں۔

دوسری جانب بحرین کی مسلح افواج نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ملک ایک بار پھر ایرانی فضائی حملوں کا نشانہ بنا۔ بحرینی حکام نے سیکیورٹی صورت حال پر نظر رکھنے اور دفاعی اقدامات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں کویت کے علی السالم ایئر بیس پر موجود ریڈار، فضائی دفاعی نظام اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ تہران نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس میں موجود امریکی فوجی تنصیبات بھی اس کارروائی کا ہدف تھیں۔

ادھر امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایران میں مختلف اہداف پر نئی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ امریکی بیان کے مطابق حملے مقامی وقت کے مطابق رات گئے کیے گئے۔

تاحال ان حملوں سے متعلق نقصانات کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ مختلف فریقین کی جانب سے متضاد دعوے سامنے آ رہے ہیں۔ خطے میں کشیدگی کے پیش نظر صورتحال پر عالمی سطح پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔