لاہور-انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق ایک اور مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کو قید کی سزا سنا دی ہے، جبکہ ایک اہم رہنما کو بری کر دیا گیا ہے۔
عدالت نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا۔ فیصلے کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عدالت نے اسی مقدمے میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو شواہد کی بنیاد پر بری کرنے کا حکم دیا۔
یہ مقدمہ مغلپورہ میں پولیس گاڑیوں کو جلانے کے واقعے سے متعلق تھا، جس میں مجموعی طور پر 22 ملزمان نامزد تھے۔ عدالتی کارروائی کے دوران 37 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کی گئی جبکہ دو ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا۔
فیصلہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سنایا، جہاں کیس کی سماعت جاری تھی۔