وفاقی کابینہ نے پرائیویٹ حج پالیسی 2027-30 کی منظوری دے دی-وفاقی کابینہ نے آئندہ چار سال کے لیے پرائیویٹ حج پالیسی 2027 تا 2030 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت نجی حج اسکیم میں کئی اہم اصلاحات اور نئے قواعد متعارف کرائے گئے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق نئی پالیسی میں روایتی کوٹہ تقسیم کے نظام کی جگہ کارکردگی اور قواعد کی پابندی کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام موجودہ نجی حج آپریٹرز کی دوبارہ جانچ پڑتال اور تصدیقی عمل بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پالیسی کے تحت نجی حج کوٹہ "پہلے آئیں، پہلے پائیں” کے اصول کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔ مزید برآں، ہر منظور شدہ حج آپریٹر کے لیے کم از کم دو ہزار عازمین کی بکنگ یقینی بنانا ضروری ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقررہ تعداد پوری نہ کرنے والے آپریٹرز کو غیر فعال تصور کیا جائے گا۔ ایسے اداروں کی سکیورٹی رقم کا ایک حصہ ضبط کیا جا سکے گا، جبکہ ان کے رجسٹرڈ عازمین کو دیگر فعال کمپنیوں میں منتقل کر دیا جائے گا تاکہ ان کے حج انتظامات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق نئی حج پالیسی کا بنیادی مقصد انتظامی شفافیت کو فروغ دینا، نجی شعبے کی کارکردگی بہتر بنانا اور عازمین حج کو زیادہ معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔