آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے نیا انتظامی طریقہ کار متعارف-ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے نیا انتظامی طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت جہازوں کی آمد و رفت کو باقاعدہ درخواست اور پیشگی منظوری سے مشروط کیا گیا ہے۔
ایرانی پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے کے خواہشمند بحری جہازوں کو مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت درخواست جمع کرانا ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت حالیہ مفاہمتی انتظامات کے تناظر میں فراہم کی جا رہی ہے تاکہ بحری نقل و حمل کو منظم اور محفوظ بنایا جا سکے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ صرف مجاز اور سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والی درخواستوں پر غور کیا جائے گا، جبکہ غیر مصدقہ یا غیر مجاز چینلز کے ذریعے بھیجی گئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
بیان کے مطابق تمام جہازوں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ اپنی ٹرانزٹ درخواست کم از کم 48 گھنٹے قبل جمع کرائیں تاکہ متعلقہ ادارے بروقت کارروائی مکمل کر سکیں۔
ایرانی حکام نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آئندہ 60 روز تک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں سے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی، جس کا مقصد بحری تجارت اور بین الاقوامی نقل و حمل کو سہولت فراہم کرنا ہے۔