یاسین ملک کا مزید مقدمہ لڑنے سے انکار،عدالت میں حلف نامہ جمع

اگر عدالت انہیں سزائے موت بھی سناتی ہے تو وہ اسے قبول کریں گے، تاہم سزا قبول کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اپنے خلاف عائد الزامات کو تسلیم کرتے ہیں۔

یاسین ملک کا مزید مقدمہ لڑنے سے انکار،عدالت میں حلف نامہ جمع-کشمیری رہنما یاسین ملک نے بھارت میں اپنے خلاف زیرِ سماعت مقدمہ مزید لڑنے سے انکار کرتے ہوئے سری نگر کی عدالت میں 25 صفحات پر مشتمل حلف نامہ جمع کرا دیا۔

حلف نامے میں یاسین ملک نے بھارتی عدالتی نظام سے انصاف ملنے کی توقع نہ ہونے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر عدالت انہیں سزائے موت بھی سناتی ہے تو وہ اسے قبول کریں گے، تاہم سزا قبول کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اپنے خلاف عائد الزامات کو تسلیم کرتے ہیں۔

یاسین ملک نے 1990 کے سرلا بھٹ قتل کیس میں ملوث ہونے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک مبینہ جے کے ایل ایف نوٹ کی بنیاد پر مقدمے میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ نوٹ بعد میں عدالتی ریکارڈ سے موجود نہیں تھا۔

حلف نامے کے مطابق یاسین ملک نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ سرلا بھٹ کے قتل سے 11 روز قبل وہ شدید زخمی تھے، اس لیے ان کے مطابق قتل کی منصوبہ بندی یا اس حوالے سے ہدایات دینے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔

یاسین ملک نے دعویٰ کیا کہ بھارتی حکام کی جانب سے ماضی میں انہیں پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کا کہا گیا تھا، تاہم بعد میں انہی روابط کو ان کے خلاف ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا۔

انہوں نے اپنے حلف نامے میں یہ الزام بھی عائد کیا کہ 2019 اور 2024 کے بھارتی انتخابات کے دوران ان کا نام، تصاویر اور عدالتی کارروائیوں کو پاکستان مخالف سیاسی بیانیے کے لیے استعمال کیا گیا۔

یاسین ملک کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیاسی انتقام کے خلاف احتجاجاً مزید مقدمہ نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنا مؤقف عدالت کے سامنے رکھ کر معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔

حلف نامے میں یاسین ملک نے طویل قید، تنہائی اور اہلخانہ سے طویل عرصے کی جدائی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے اپنی اہلیہ مشعال ملک اور بیٹی کے حوالے سے جذباتی پیغام بھی دیا اور اہلخانہ کو مشکلات کے باوجود حوصلے سے رہنے کی تلقین کی۔

یاسین ملک نے کہا کہ انہوں نے اپنا مؤقف اور ضمیر کی آواز عدالت کے سامنے رکھ دی ہے، اب عدالت جو فیصلہ کرے گی اسے قبول کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
1 Votes