لاہور؛گلے میں ڈور پھرنے سے 21 سالہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق
لاہور کے نواں کوٹ علاقے میں گلے میں ڈور پھرنے سے 21 سالہ موٹر سائیکل سوار نوجوان نعمان یوسف جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق نعمان کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن راستے میں ہی وہ دم توڑ گیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کی اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو ہدایت دی کہ پتنگ بازی میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کی جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہوگی اور پتنگ بازی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور دھات کی ڈور کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کریں۔
انہوں نے والدین سے بھی کہا کہ اپنے بچوں کو اس خطرناک کھیل سے دور رکھیں اور شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اطلاع 15 پر دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 5967 افراد گرفتار اور 5784 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 5 لاکھ 29 ہزار 814 پتنگیں اور 21 ہزار 301 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ لاہور میں 1654 افراد گرفتار اور 1620 مقدمات درج کیے گئے، 35,420 پتنگیں اور 1,753 ڈور چرخیاں ضبط کی گئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نعمان یوسف کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے غیر قانونی پتنگ بازی کے واقعے پر سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے اور سی سی پی او سے رپورٹ طلب کی۔
