اسلام آباد: سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد ایران پہنچ گیا ہے، جہاں اہم سفارتی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شامل ہیں، جو مختلف امور پر اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ دورہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی روابط کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وفد ایران کو امریکا کا پیغام بھی پہنچائے گا، جبکہ ممکنہ طور پر مذاکرات کے دوسرے مرحلے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس دورے کا مقصد خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت کرنا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانا بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
