مظفرآباد: آزاد کشمیر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرنے والے مبینہ کارندے کو گرفتار کر لیا۔
آئی جی پولیس آزاد جموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ راولاکوٹ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کیا، جس کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم حساس مقامات کی ریکی کرتا تھا اور ویڈیوز بنا کر معلومات بیرون ملک منتقل کرتا رہا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم فوجی تنصیبات اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث پایا گیا ہے۔
آئی جی پولیس کے مطابق ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے بیرونی نیٹ ورک سے رابطے میں تھا اور منظم طریقے سے حساس معلومات شیئر کر رہا تھا۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران ایک وسیع نیٹ ورک بھی بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ بڑے خطرے کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی جی لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی سرزمین کا امن ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور سکیورٹی ادارے ریاست مخالف سرگرمیوں کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سیکیورٹی اداروں نے ملک کے مختلف علاقوں سے بھارتی خفیہ ایجنسی سے مبینہ تعلق رکھنے والے افراد کو گرفتار کیا تھا۔
