پاک بھارت سرحد پر فائرنگ، 2 پاکستانی شہری جاں بحق، ایک زخمی

پاک بھارت سرحد پر فائرنگ، 2 پاکستانی شہری جاں بحق، ایک زخمی-متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

پاک بھارت سرحد پر فائرنگ، 2 پاکستانی شہری جاں بحق، ایک زخمی-پاک بھارت بین الاقوامی سرحد کے قریب بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی مبینہ فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے 3 مقامی شہری سرحدی علاقے میں بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے تو بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے مبینہ طور پر ان پر فائرنگ کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں افراد غیر مسلح تھے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق جٹاں والی حویلی، لدھڑ سے بتایا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں افراد کی جانب سے سرحدی باڑ عبور کرنے کی کوشش نہیں کی گئی تھی۔

واقعے کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں مختلف دعوے سامنے آئے ہیں، جن میں متاثرہ افراد کو درانداز قرار دیا گیا ہے، تاہم پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے اس مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے انہیں مقامی اور غیر مسلح شہری قرار دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بھارتی فورسز کی جانب سے شہریوں پر مبینہ فائرنگ کو سرحدی معاہدے اور طے شدہ حفاظتی طریقہ کار کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

واقعے کے بعد سرحدی علاقے میں صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔