وفاقی دارالحکومت میں احتجاج پر قانونی کارروائی کی وارننگ
وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نقوی نے سخت انتباہ جاری کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی عناصر وفاقی دارالحکومت کا امن و امان خراب کرنے یا شہریوں کی زندگی میں خلل ڈالنے کی کوشش کریں گے، ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ حکومت کسی بھی صورت میں دارالحکومت میں غیر قانونی دھرنوں یا رکاوٹوں کو برداشت نہیں کرے گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پہلے ہی دارالحکومت میں سڑکیں بند کرنے اور عوامی نقل و حمل میں رکاوٹ ڈالنے والے احتجاج پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ وزیر داخلہ نے اس عدالتی حکم نامے کا حوالہ دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کو خبردار کیا کہ وہ قانون کی پاسداری یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں۔
