ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری
فائل فوٹو
ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری-دریائے راوی اور ستلج کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں بھی کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔
پنجاب میں بھکر، ڈیرہ غازی خان، خوشاب اور میانوالی سمیت مختلف علاقوں میں کہیں کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے، جبکہ اٹک، بہاولنگر، چکوال، چنیوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، حافظ آباد، جھنگ، جہلم اور لاہور میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے راوی اور ستلج کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں بھی کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرک، لکی مروت اور ٹانک میں بھی بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی اور میدانی علاقوں میں آنے والے دنوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی اور وسطی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
