ملتان ایئرپورٹ پر عمرہ ویزے کی آڑ میں مبینہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام
ملتان ایئرپورٹ پر عمرہ ویزے کی آڑ میں مبینہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام
ملتان ایئرپورٹ پر عمرہ ویزے کی آڑ میں مبینہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام-ملتان ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں خاتون کو مبینہ طور پر جنسی استحصال کے لیے سعودی عرب بھیجنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق امیگریشن عملے نے ملتان ایئرپورٹ پر انیشہ بی بی نامی خاتون کو مشکوک حرکات کی بنیاد پر روک کر تفتیش کی، جس کے بعد اس کی نشاندہی پر مبینہ ایجنٹ امجد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق خاتون فلائٹ نمبر ایس وی 801 کے ذریعے عمرہ کی غرض سے سعودی عرب روانہ ہونے والی تھی، تاہم ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ اسے مبینہ طور پر جنسی استحصال کے ایک نیٹ ورک کا حصہ بننے کے لیے سعودی عرب بھیجا جا رہا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران خاتون کو مزید جانچ پڑتال کے لیے شفٹ انچارج کے حوالے کیا گیا۔ تفتیش کے دوران اس کے موبائل فون، واٹس ایپ چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل مواد کا جائزہ لیا گیا، جس سے مبینہ طور پر جنسی استحصال اور جسم فروشی سے متعلق شواہد سامنے آئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خاتون نے دوران تفتیش مبینہ نیٹ ورک سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پاکستانی خواتین کو عمرہ ویزوں کے ذریعے سعودی عرب منتقل کرنے کے لیے مقامی سطح پر سہولت کاری کی جاتی تھی، جبکہ نیٹ ورک کا مبینہ سرغنہ سعودی عرب سے کارروائیاں چلا رہا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار خاتون اور اس کی نشاندہی پر حراست میں لیے گئے ایجنٹ کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان منتقل کردیا گیا ہے، جہاں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کے موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل مواد کی مزید جانچ کی جائے گی، جبکہ مبینہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد اور سعودی عرب میں موجود سرغنہ تک پہنچنے کے لیے بھی تحقیقات آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔
ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال میں ملوث تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
