محسن نقوی کا اسلام آباد بند کرنے پر سخت موقف
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ کسی کو بھی اسلام آباد بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو لوگ اس غلط فہمی میں ہیں وہ اپنی سوچ بدل لیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دارالحکومت کی سڑکیں ہر حال میں کھلی رہیں گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی گروہ یا جماعت دارالحکومت کو جام کرنے کی کوشش کرے تو انہیں ہر ممکن طریقے سے روکا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی نقل و حرکت اور روزمرہ زندگی متاثر نہیں ہونے دی جائے گی، اور اس مقصد کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔
