سعودی عرب میں 150 اسرائیلی شہریوں کی ساڑھے چار گھنٹے میزبانی
سعودی عرب میں 150 اسرائیلی شہریوں کی ساڑھے چار گھنٹے میزبانی
سعودی عرب میں 150 اسرائیلی شہریوں کی ساڑھے چار گھنٹے میزبانی-سعودی حکام نے تبوک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنے والے تقریباً 150 اسرائیلی شہریوں سمیت دیگر مسافروں کو ساڑھے چار گھنٹے تک ضروری سہولیات فراہم کیں۔
رپورٹس کے مطابق فلائی دبئی کی دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز میں تقریباً 174 مسافر سوار تھے، جن میں 27 بچے بھی شامل تھے۔ طیارے کو دوران پرواز پیش آنے والی ایک ہنگامی صورتحال کے باعث سعودی عرب کے تبوک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنا پڑی۔
طیارے کی لینڈنگ کے بعد سعودی طبی عملہ اسرائیلی اور دیگر غیر ملکی مسافروں کو طبی امداد اور ضروری سہولیات فراہم کرتا رہا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں سعودی طبی ماہرین کو مسافروں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق طیارے میں تقریباً 150 اسرائیلی شہری موجود تھے، جبکہ باقی مسافروں کا تعلق دیگر ممالک سے تھا۔
رپورٹس کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز سعودی مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 45 منٹ سے 9 بج کر 58 منٹ کے درمیان تبوک پہنچی۔ مسافروں کو متبادل طیارے کی آمد تک کئی گھنٹے ایئرپورٹ پر قیام کرنا پڑا۔
بعدازاں دبئی سے فلائی دبئی کا متبادل طیارہ روانہ کیا گیا، جس کے ذریعے مسافروں کو ان کی منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔ ایک مسافر نے دوپہر 2 بج کر 17 منٹ پر بتایا کہ وہ اب بھی سعودی عرب سے روانگی کی پرواز کا انتظار کر رہے تھے۔
