سرجانی قتل کیس کا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا

سرجانی قتل کیس کا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا-ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران چھینے گئے پستول سے فائرنگ کردی

سرجانی قتل کیس کا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا-ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران چھینے گئے پستول سے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی نعمان شیخ زخمی ہوگئے۔

سرجانی ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خاتون اور تین بچوں کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم محمد ہمایوں خان ہلاک ہوگیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق پولیس ملزم کو قتل میں استعمال ہونے والے سریے کی برآمدگی کے لیے لے کر گئی تھی۔ کارروائی کے دوران پولیس اہلکار مبینہ آلہ قتل کی تلاش میں مصروف تھے کہ ملزم نے ایک اہلکار کا پستول نکال لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران چھینے گئے پستول سے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی نعمان شیخ زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم محمد ہمایوں خان موقع پر ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اہلکار کا چھینا گیا پستول بھی برآمد کرلیا، جبکہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور تین بچوں کے قتل کی تفتیش کے دوران مقتولہ کے شوہر کے بہنوئی محمد ہمایوں خان کو بھی مقدمے میں ملوث قرار دیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق واقعے کے روز ملزم دو سے ڈھائی بجے کے درمیان مقتولہ کے گھر پہنچا تھا۔ چونکہ ملزم مقتولہ کا رشتے دار تھا، اس لیے اس کا گھر آنا جانا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش کی، مزاحمت پر اس پر حملہ کیا اور بعد ازاں سریے سے وار کرکے خاتون اور تین بچوں کو قتل کردیا۔