امریکا جہازوں کو غلط ضمانتیں دے رہا ہے،ایران

ایرانی فورسز آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کو گزارنے کی امریکی کوششوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

امریکا جہازوں کو غلط ضمانتیں دے رہا ہے، ایران-ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے، جبکہ امریکا بعض بحری جہازوں کو جنوبی راستے سے گزرنے کے حوالے سے غلط یقین دہانیاں دے رہا ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایرانی فورسز آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کو گزارنے کی امریکی کوششوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، تاہم ایران اب بھی اس اہم بحری گزرگاہ پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے اور اسے اپنی شرائط کے بغیر کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محمد باقر قالیباف کے مطابق امریکا بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کے لیے یقین دہانیاں کرا رہا ہے، لیکن یہ ضمانتیں قابلِ بھروسا نہیں ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے بعض جہازوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ایران امریکی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امریکا پر مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ واشنگٹن جنوبی راستے کو استعمال کرنا چاہتا ہے، تاہم ایران اسے قبول نہیں کرے گا۔

محمد باقر قالیباف نے آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی اقدامات کو فوجی نوعیت کا اقدام قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے بحری ناکہ بندی میں مزید سختی کی تو ایران بھی فوجی ردعمل دے سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا کا مقصد خلیج سے ایران کی تیل کی برآمدات کو روکنا ہے تو ایسی صورت میں دیگر ممالک کی تیل کی برآمدات بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔

آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم بحری گزرگاہ ہے، جس کے حوالے سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes