الہان عمر پر سرکہ چھڑکنے والے شخص کو 14 ماہ قید کی سزا
الہان عمر پر سرکہ چھڑکنے والے شخص کو 14 ماہ قید کی سزا
الہان عمر پر سرکہ چھڑکنے والے شخص کو 14 ماہ قید کی سزا-امریکی رکن کانگریس الہان عمر پر ٹاؤن ہال اجلاس کے دوران سرکہ چھڑکنے والے شخص کو عدالت نے 14 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 56 سالہ انتھونی جیمز کازمیرزک نے رواں سال 27 جنوری کو منیاپولس میں ہونے والے ٹاؤن ہال اجلاس کے دوران الہان عمر پر سرنج کے ذریعے پانی اور ایپل سائڈر سرکے کا آمیزہ چھڑکا تھا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے قابو کرکے پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
کازمیرزک نے مئی میں وفاقی اہلکار پر حملے کے الزام میں جرم قبول کیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق اس نے الہان عمر کو ان کے سیاسی خیالات سے اختلاف کی بنیاد پر نشانہ بنایا تھا۔
عدالت نے اسے 14 ماہ قید کے علاوہ تین سال تک نگرانی میں رہائی کی سزا بھی سنائی، جس کے تحت اسے الہان عمر سے کسی بھی قسم کا رابطہ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
سزا سناتے ہوئے امریکی ڈسٹرکٹ جج جون این ایرکسن نے کہا کہ یہ واقعہ اچانک پیش آنے والا عمل نہیں تھا، کیونکہ کازمیرزک نے ٹاؤن ہال اجلاس میں شرکت کے لیے کئی ہفتے قبل ٹکٹ حاصل کیے تھے۔
عدالت میں کازمیرزک نے الہان عمر سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اس نے جیل میں اپنے کیے پر غور کرنے کے لیے کافی وقت گزارا ہے اور اسے اس صورتحال سے گزارنے پر افسوس ہے۔
واقعے کے وقت الہان عمر امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کی کارروائیوں پر بات کر رہی تھیں۔ عینی شاہدین کے مطابق کازمیرزک اچانک سامعین میں سے اٹھا اور الہان عمر کی جانب مائع چھڑک دیا۔ حملے کے باوجود الہان عمر کو کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا اور انہوں نے اجلاس جاری رکھا۔
استغاثہ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں کہا گیا کہ کازمیرزک نے واقعے سے قبل بعض افراد کو پیغامات بھیجے تھے جن سے اس کے منصوبے کی پیشگی تیاری کا اشارہ ملتا ہے۔
دفاعی وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ کازمیرزک حملے سے قبل اپنی ذہنی صحت کی ادویات استعمال نہیں کر رہا تھا، جبکہ عدالتی دستاویزات میں اس کی طویل عرصے سے شراب نوشی اور دیگر صحت سے متعلق مسائل کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
