اہم خبر
ABS24
نیوز
ABS24 News Network

گلگت بلتستان الیکشن،پی پی نے میدان مارلیا

👁️ 5 مرتبہ پڑھا گیا
گلگت بلتستان الیکشن،پی پی نے میدان مارلیا

گلگت بلتستان الیکشن،پی پی نے میدان مارلیا-پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری، 19 نشستوں کے نتائج سامنے آگئے

گلگت: گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ اب تک 24 میں سے 19 نشستوں کے نتائج جاری کیے جا چکے ہیں، جن کے مطابق پیپلز پارٹی 9 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

جاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ 5 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) ایک نشست جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے متعدد حلقوں کے سرکاری اور غیر سرکاری نتائج جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں گلگت، نگر، اسکردو، شگر، کھرمنگ، غذر، دیامر اور گانچھے کے حلقے شامل ہیں۔

گلگت کے حلقہ جی بی 1 سے پیپلز پارٹی کے امجد ایڈووکیٹ کامیاب قرار پائے جبکہ جی بی 2 سے مسلم لیگ (ن) کے حفیظ الرحمان نے کامیابی حاصل کی۔ جی بی 3 میں آزاد امیدوار سہیل عباس فاتح رہے۔

نگر کے دونوں حلقوں جی بی 4 اور جی بی 5 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ ہنزہ کے حلقہ جی بی 6 میں آزاد امیدوار نیک نام کریم نے میدان مار لیا۔

اسکردو کے حلقوں میں بھی دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے۔ جی بی 7، 9 اور 10 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ جی بی 8 میں مجلس وحدت مسلمین کے کاظم میثم نے کامیابی حاصل کی۔

شگر اور کھرمنگ کے حلقوں میں بھی پیپلز پارٹی نے اپنی پوزیشن مستحکم رکھی جبکہ دیامر کے حلقہ جی بی 18 میں مسلم لیگ (ن) کے کفایت الرحمان کامیاب قرار پائے۔

غذر کے تین حلقوں میں ایک نشست پیپلز پارٹی، ایک مسلم لیگ (ن) اور ایک آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔ گانچھے کے حلقہ جی بی 22 میں مسلم لیگ (ن) کامیاب رہی جبکہ جی بی 23 اور جی بی 24 میں آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

گلگت بلتستان اسمبلی مجموعی طور پر 33 نشستوں پر مشتمل ہے، جن میں 24 نشستوں پر براہِ راست انتخابات ہوتے ہیں جبکہ 6 نشستیں خواتین اور 3 ٹیکنوکریٹس کے لیے مختص ہیں۔

حکومت سازی کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 17 نشستوں کی سادہ اکثریت درکار ہوگی۔ موجودہ نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھری ہے، تاہم حکومت سازی کے لیے آزاد ارکان اور مخصوص نشستوں کی تقسیم اہم کردار ادا کرے گی۔

پارٹی پوزیشن (19 نشستوں کے نتائج)

جماعت نشستیں
پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) 9
مسلم لیگ (ن) 4
آزاد امیدوار 5
مجلس وحدت مسلمین (MWM) 1
کل 19

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔