ٹرمپ نے ایران کو معاہدے کے لیے "آخری موقع" قرار دے دیا
ٹرمپ نے ایران کو معاہدے کے لیے "آخری موقع” قرار دے دیا-امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو امریکا کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مرحلہ سفارتی حل کے لیے آخری موقع ہو سکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کی درخواست پر ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کو ایک مرتبہ پھر مؤخر کیا گیا تاکہ مذاکرات اور سفارت کاری کو مزید موقع دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک نے ایران کو ایک اور موقع دینے کی اپیل کی، جس کے پیش نظر واشنگٹن نے فوجی آپشن کے بجائے سفارتی کوششوں کو ترجیح دی۔ ٹرمپ کے مطابق وہ ایران کو کسی بڑے تصادم سے قبل معاہدے کا آخری موقع دینا چاہتے ہیں۔
امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ ایران سے متعلق مذاکرات میں جلد پیش رفت ہوگی۔ ان کے بقول ابتدائی مرحلے میں آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بحال کرنے پر توجہ دی جائے گی، جبکہ بعد ازاں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات پر پیش رفت کی جائے گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ دونوں نکات امریکا اور ایران کے درمیان جون میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا حصہ تھے، تاہم انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ جوہری پروگرام سے متعلق پیش رفت میں وقت لگ سکتا ہے۔
دوسری جانب ایران نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت امریکا کے ساتھ براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے، بلکہ رابطے عمان کے ذریعے جاری ہیں۔
