اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کی ملاقات-نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی حالات، باہمی تعاون اور سفارتی روابط کو مزید مؤثر بنانے پر گفتگو کی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی میں کمی لائیں اور اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسلسل سفارتی رابطے ناگزیر ہیں، جبکہ جون 2026 میں اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت بھی اہم ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو سراہا اور ایرانی ماہی گیروں اور دیگر شہریوں کی محفوظ وطن واپسی میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے امریکا کی جانب سے روکے گئے جہازوں کے ایرانی عملے کی واپسی میں بھی سہولت فراہم کی اور اس مقصد کے لیے ایران، امریکا اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا، تاکہ ایرانی شہریوں کی محفوظ واپسی ممکن بنائی جا سکے۔
