ایران کا بحرین اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر ڈرون حملوں کا دعویٰ-ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے بحرین اور اردن میں قائم امریکی فوجی تنصیبات کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق ایرانی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر کیے گئے ڈرون حملوں میں ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات، فوجی ساز و سامان کے گودام اور اہلکاروں کی رہائشی عمارتیں ہدف بنائی گئیں۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ اردن کے موفق السلطي (الازرق) ایئر بیس پر بھی ڈرون حملے کیے گئے، جن میں طیاروں کے ہینگرز، مرمت کی سہولیات اور فوجیوں کی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اگر ایران کے مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کی گئی تو اس کے خطے کی سلامتی اور معاشی استحکام پر مزید سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔
تاہم اس خبر کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ امریکہ، بحرین یا اردن کی جانب سے فوری طور پر ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
