ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨277.91 🇪🇺 یورو ₨317.41 🇬🇧 پاؤنڈ ₨370.20 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.11 🇦🇪 درہم ₨75.67 🇨🇳 چینی یوان ₨41.03

لاہور میں 263 ملی میٹر بارش، شہر کے کئی علاقے زیرِ آب

👁️ 3 مرتبہ پڑھا گیا
لاہور میں 263 ملی میٹر بارش، شہر کے کئی علاقے زیرِ آب

لاہور میں 263 ملی میٹر بارش، شہر کے کئی علاقے زیرِ آب-صوبائی دارالحکومت میں ہونے والی شدید موسلادھار بارش نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے۔ ایک ہی بارش کے اسپیل کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ بارش ہوئی، جس کے باعث متعدد سڑکیں اور رہائشی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

واسا کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ تاجپورہ، کاہنہ، شادی پورہ، مغل پورہ، مال روڈ، مناواں، جوہر ٹاؤن اور چوک ناخدا سمیت کئی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔

شدید بارش کے باعث مختلف شاہراہوں اور انڈر پاسز میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں، جبکہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (DHA) کے بعض علاقوں میں پانی اس قدر جمع ہوا کہ شہریوں نے کشتیوں کے ذریعے آمدورفت کی۔

تاج پورہ اور دیگر نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس سے رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی علاقوں میں نکاسیٔ آب کے لیے واسا کی ٹیمیں متحرک رہیں۔

دوسری جانب کاہنہ کے قریب فیروزپور روڈ پر پھسلن کے باعث موٹرسائیکل حادثے میں دو بھائی جان کی بازی ہار گئے۔ علاوہ ازیں ڈی ایچ اے فیز فور میں ایک گھر کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران نشیبی علاقوں اور زیرِ آب سڑکوں پر احتیاط سے آمدورفت کریں۔