کراچی: ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تین ملزمان ایک پولیس کارروائی کے دوران زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے فرار ساتھیوں کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ان کے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے گلشنِ معمار کے علاقے عمر بروہی گوٹھ میں کارروائی کی۔ اس دوران مبینہ طور پر مفرور ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گرفتار تینوں ملزمان، جن کی شناخت سریش، رام چند اور انیل کے نام سے ہوئی، بھی فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق مفرور ملزمان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر آکاش کو 13 جولائی کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں بینک کے باہر مبینہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد لاکھوں روپے کی نقد رقم بھی لے گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
