ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨277.91 🇪🇺 یورو ₨317.41 🇬🇧 پاؤنڈ ₨370.20 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.11 🇦🇪 درہم ₨75.67 🇨🇳 چینی یوان ₨41.03

3 سالہ کلثوم قتل کیس،سفاک چاچی کے سنسنی خیز انکشافات

👁️ 4 مرتبہ پڑھا گیا
3 سالہ کلثوم قتل کیس،سفاک چاچی کے سنسنی خیز انکشافات

شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں تین سالہ بچی کلثوم کے قتل کیس میں پولیس نے تحقیقات کے دوران اہم پیش رفت کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی سگی چاچی کو مرکزی ملزم قرار دیتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کے بھائی کو بھی کیس میں حراست میں لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ملیر کی جانب سے پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمہ نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے دعویٰ کیا کہ وہ گھریلو حالات اور اہلخانہ کی جانب سے ننھی کلثوم سے زیادہ محبت کیے جانے پر شدید ذہنی دباؤ اور حسد کا شکار تھی۔

پولیس کے مطابق ملزمہ خود بھی دو بچوں کی ماں ہے، جن کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ خصوصی ضروریات (Special Needs) رکھتے ہیں۔ تفتیش کے دوران سامنے آنے والے بیان کے مطابق ملزمہ کو محسوس ہوتا تھا کہ گھر میں اس کے بچوں کے مقابلے میں کلثوم کو زیادہ توجہ اور شفقت ملتی تھی، جس کے باعث اس کے دل میں نفرت اور حسد نے جنم لیا۔

تحقیقات کے مطابق ملزمہ نے مبینہ طور پر بچی کو گھر کے اندر گلا دبا کر قتل کیا، جس کے بعد لاش کو آٹے کی بوری میں رکھ کر گھر کے مرکزی دروازے کے قریب چھوڑ دیا تاکہ واقعے کا رخ کسی اور جانب موڑا جا سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کرنے، متعدد افراد سے پوچھ گچھ اور مختلف ڈی این اے نمونوں کے تجزیے کے بعد تفتیش کا دائرہ محدود ہوا، جس کے نتیجے میں ملزمہ اور اس کے بھائی تک رسائی ممکن ہوئی۔ بعد ازاں دونوں سے مزید پوچھ گچھ کی گئی، جس کے دوران اہم معلومات سامنے آئیں۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق اب تک کی تحقیقات میں دونوں ملزمان نے اپنے کردار سے متعلق اعترافی بیانات دیے ہیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے تاکہ اگر کسی اور شخص کا کردار سامنے آئے تو اس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جا سکے۔

پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کے تمام شواہد فرانزک اور قانونی تقاضوں کے مطابق عدالت میں پیش کیے جائیں گے، جبکہ کیس کی مکمل اور شفاف تحقیقات جاری ہیں۔