یکم جولائی سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی-محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کل سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث یکم جولائی سے 6 جولائی تک مختلف شہروں میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور سندھ کے متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔