وزیراعظم شہباز شریف کا وینزویلا زلزلہ متاثرین سے اظہارِ یکجہتی-وزیراعظم شہباز شریف نے وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی جانب سے وینزویلا کی حکومت اور عوام، خصوصاً متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور متاثرین کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔
دوسری جانب وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلوں کے بعد ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ اہم تنصیبات بھی متاثر ہوئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مائی کیٹیا کے مرکزی ہوائی اڈے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس کے باعث فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ادھر امریکی جیولوجیکل سروے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔