خلیج فارس میں ایران نےسب سے بھاری آف شور آئل پلیٹ فارم نصب کردیا
ایران نے خلیج فارس میں واقع رشادت تیل فیلڈ میں اپنی تاریخ کا سب سے بھاری آف شور آئل پلیٹ فارم کامیابی سے نصب کر دیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق "رشادت پی فور” نامی پلیٹ فارم کا وزن ۶۲۰۰ میٹرک ٹن ہے اور اسے مکمل طور پر مقامی انجینئروں نے ڈیزائن، تعمیر اور نصب کیا ہے۔
ایرانی وزارتِ تیل کی نیوز سروس "شانا” کے مطابق پلیٹ فارم کو ۲۲ جون ۲۰۲۶ کو جدید "فلوٹ اوور” طریقۂ کار کے ذریعے نصب کیا گیا۔ یہ منصوبہ خلیج فارس میں لاوان جزیرے سے تقریباً ۹۰ کلومیٹر جنوب میں واقع رشادت آئل فیلڈ کا حصہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے پلیٹ فارم کی تنصیب سے یومیہ ۳۵ ہزار بیرل تیل کی اضافی پیداوار حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ ذخائر کے دباؤ کو برقرار رکھنے کے لیے روزانہ ۸۰ ہزار بیرل پانی انجیکٹ کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہوگی۔
ایرانی حکام نے اس منصوبے کو ملکی انجینئرنگ اور توانائی شعبے میں خود انحصاری کی نمایاں مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے چند ہی ممالک مکمل طور پر مقامی وسائل اور مہارت کے ذریعے اتنا بڑا آف شور پلیٹ فارم تعمیر اور نصب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود اس منصوبے کی کامیاب تکمیل ایران کی تکنیکی اور صنعتی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے، جو خلیج فارس میں تیل و گیس کے شعبے کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔