پنجاب بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا الرٹ جاریمحکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں 11 سے 13 جون کے دوران آندھی، تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے،
جبکہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی ممکنہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 11 جون کی شام یا رات ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو 13 جون تک مختلف علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس دوران متعدد شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی علاقوں بشمول دیر، سوات، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور دیگر اضلاع میں بھی بارشوں اور آندھی کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، پونچھ اور میرپور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بارش کے ساتھ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بعض اضلاع میں بھی بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کاشتکاروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں، جبکہ آندھی اور گرج چمک کے دوران کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔