نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
نیویارک آمد پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے ان کا استقبال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار 26 سے 28 مئی کے دوران مختلف اہم سفارتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم چین کی صدارت میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے خصوصی کھلے مباحثے میں شرکت کریں گے۔ اجلاس کی صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ یی کریں گے، جبکہ مباحثے کا موضوع عالمی امن و سلامتی، اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے تحفظ اور عالمی نظام میں اقوام متحدہ کے کردار کو مضبوط بنانا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار اہم ترین دورے پر امریکہ پہنچ گئے pic.twitter.com/XvpfEcSeln
— Pervaiz Sandhila (@chsandhilaa) May 26, 2026
پاکستان نے اس اہم مباحثے کے انعقاد پر چین کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اپنے دورے کے دوران ’’گلوبل گورننس گروپ آف فرینڈز‘‘ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جہاں عالمی طرز حکمرانی میں اصلاحات اور مشترکہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔