کراچی: پاکستان سپر لیگ کے ایک اہم میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹیم کی کامیابی کو اجتماعی محنت کا ثمر قرار دے دیا۔
کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زلمی نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز اسکور کیے، جس میں بابر اعظم کی 103 رنز کی اننگز نمایاں رہی۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 151 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ یہ ٹیم کے لیے نہایت اہم مقابلہ تھا اور شائقین کی موجودگی نے حوصلہ بڑھایا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے میدان سے ان کی کئی یادیں وابستہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں اور ہر دن ایک جیسا نہیں ہوتا، لیکن محنت اور سیکھنے کا عمل جاری رہتا ہے۔
بابر اعظم نے بتایا کہ انہوں نے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اپنی بیٹنگ کا جائزہ لیا اور غلطیوں کو درست کرنے کی کوشش کی۔
کپتان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو کامیابی دلانے پر توجہ دیتے ہیں اور ذاتی ریکارڈز کو اہمیت نہیں دیتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فائنل تک رسائی کسی ایک کھلاڑی کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔