بریکنگ نیوز

1ٹن وزنی غیر پھٹا بم محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا

اپریل 19, 2026 | admin
1ٹن وزنی غیر پھٹا بم محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا

 وارمین میں باسیج فورسز اور ایرانی فوج کے انجینئرز نے ایک نہایت خطرناک آپریشن کے دوران زمین میں ۱۶ میٹر گہرائی میں دبے ایک ٹن وزنی غیر پھٹے بم کو کامیابی سے نکال لیا۔ یہ آپریشن چھ دن کی مسلسل محنت اور جدید تکنیکی مہارت کے ذریعے مکمل کیا گیا۔

حکام کے مطابق بم کو انتہائی احتیاط کے ساتھ زمین سے باہر نکال کر ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے ناکارہ بنانے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ خوش قسمتی سے اس پورے آپریشن کے دوران کوئی دھماکہ نہیں ہوا اور نہ ہی کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان سامنے آیا۔

رپورٹس کے مطابق یہ بم حالیہ کشیدگی کے دوران مبینہ طور پر ہونے والے فضائی حملوں میں گرایا گیا تھا لیکن پھٹ نہیں سکا اور رہائشی علاقے میں گہرائی میں دفن ہوگیا تھا، جس کے باعث اس کو نکالنا ایک پیچیدہ اور حساس مرحلہ تھا۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں مختلف علاقوں سے اس نوعیت کے مزید غیر پھٹے بم بھی برآمد ہوئے ہیں، جنہیں ماہر ٹیمیں احتیاط کے ساتھ ناکارہ بنانے میں مصروف ہیں۔ حکام نے اس کامیاب کارروائی کو انجینئرنگ مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظہر قرار دیا ہے۔